اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

افتخار عارف - جاہ و جلال ، دَام و دِرَم ، اَور کتنی دیر؟

2/19/2010


جاہ و جلال ، دَام و دِرَم ، اَور کتنی دیر؟
ریگ رواں پہ نقش قَدَم ، اَور کتنی دیر؟

اَب اور کتنی دیر یہ وَحشت، یہ ڈر، یہ خوف؟
گرد و غبارِ  عہدِ ستم ، اور کتنی دیر؟

حلقہ بگوشوں، عرض گزاروں کے درمیاں 
یہ تمکنت یہ زعمِ کرم، اور کتنی دیر؟ 

پل بھر میں ہو رہے گا حساب نبود و بود
پیچ و خمِ وجود و عدم ، اور کتنی دیر؟

دَامن کےسارےچاک، گریباں کےسارےچاک
ہو بھی گئے بہم، تو بہم، اَور کتنی دیر؟

شام آ گئی ہے، ڈوبتا سورج بتائے گا
تم اور کتنی دیر ہو، ہم اور کتنی دیر؟