اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

منہاج برنا - سینسر کریں گے دیکھنا اب صبح و شام بھی

1/17/2011


سینسر کریں گے دیکھنا اب صبح و شام بھی
قامت کا طول ، یار کا طرز ِ خرام بھی

سینسر کریں گے اب یہ طریق ِ طعام بھی
رکھنے سے قبل شہر کے بچوں کے نام بھی

سینسر کریں گے اب یہ سنکتی ہوا کو بھی
اور ان کا بس چلے گا تو حکم خدا کو بھی

مہندر سنگھ بیدی - واعظ کی جوانی بھی کیا شے ہے خدا رکھے


واعظ کی جوانی بھی کیا شے ہےخدا رکھے
یہ واقفِ انجام و آغاز نہیں ہوتی

یوں عشرتِ دنیا سے محرومی و ناکامی
اللہ کی لاٹھی میں آواز نہیں ہوتی

ہر چند کہ لکھے کی دوا ہے نہ دعا ہے
ہے پھر بھی مگر جوش جوانی کو بقا ہے

پیری جسے کہتے ہو تم اے زاہدِ خوش فہم
وہ تشنئہ تکمیل گناہوں کی سزا ہے

مہندر سنگھ بیدی - موہوم سی حوروں کی کہانی نہیں آئی


موہوم سی حوروں کی کہانی نہیں آئی
بےکار ہمیں عمر گنوانی نہیں آئی

ہم رند خرابات بڑھاپے میں جواں ہیں
واعظ پہ جوانی میں جوانی نہیں آئی