اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

سیف الدین سیف - میری داستان حسرت وہ سنا سنا کہ روئے

2/13/2013

میری داستان حسرت وہ سنا سنا کہ روئے
مرے آزمانے والے مجھے آزما کے روئے


کوئی ایسا اہل دل ہو کہ فسا نہ محبت 
میں اسےسنا کے روؤں وہ مجھےسنا کے روئے 

مری آرزو کی دنیا دل ناتواں کی حسرت
جسےکھوکے شادماں تھے اُسے آج پا کے روئے

تیری بے وفائیوں پر ، تیری کج ادائیوں پر
کبھی سرچھپا کے روئے، کبھی منہ چھپا کے روئے

جو سنائی انجمن میں شب غم کی آپ بیتی
کئی رو کے مسکرائے ، کئی مسکرا کے روئے

میرے پاس سے گزر کر میرا حال تک نہ پوچھا
میں یہ کیسے مان جائوں کہ وہ دور جا کہ روئے

میں ہوں بے وطن مسافر ، میرا نام بے کسی ہے
میرا کوئی بھی نہیں ہے جو گلے لگا کے روئے