اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

افتخار لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
افتخار لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

افتخار ۔ آسمانوں پر نظر کر انجم و مہتاب دیکھ

5/11/2016

آسمانوں  پر  نظر  کر  انجم  و  مہتاب  دیکھ
صبح کی بنیاد رکھنی ہے تو پہلے خواب دیکھ

ہم بھی سوچیں گے دعائے بے اثر کے باب میں
اِک  نظر  تو  بھی  تضادِ منبر  و  محراب  دیکھ

دوش پر ترکش پڑا رہنے دے، پہلے دل سنبھال
دل سنبھل جائے تو سوئے سینہٴ احباب دیکھ

موجہٴ سرکش کناروں سے چھلک جائے تو پھر
کیسی کیسی بستیاں  آتی  ہیں  زیرِ آب  دیکھ

بوند  میں سارا سمندر  آنکھ  میں کل کائنات
ایک مشتِ خاک میں سورج کی آب وتاب دیکھ

کچھ قلندر مشربوں سے راہ و رسمِ عشق سیکھ
کچھ  ہم  آشفتہ  مزاجوں  کے  ادب  آداب  دیکھ

شب کو خطِّ نور میں لکھّی ہوئی تعبیر پڑھ
صبح تک دیوارِ آئیندہ میں کُھلتے باب دیکھ

افتخار  عارف  کے  تند  و  تیز  لہجے  پر  نہ  جا
افتخار عارف کی آنکھوں میں اُلجھتے خواب دیکھ

افتخار عارف ۔ بکھر جائیں گے کیا ہم جب تماشا ختم ہو گا

5/27/2014

بکھر جائیں گے کیا ہم جب تماشا ختم ہو گا
میرے معبود  آخر  کب  تماشا  ختم  ہو گا

چراغِ حجرہ  درویش  کی  بجھتی   ہوئی   لو
ہوا سے کہہ گئی ہے اب تماشا ختم ہو گا

کہانی میں نئے کردار  شامل  ہو  گئے   ہیں
نہیں معلوم اب کس ڈھب تماشا ختم ہو گا

کہانی آپ  اُلجھی  ہے  کہ اُلجھائی  گئی  ہے
یہ عقدہ تب کُھلے گا  جب تماشا  ختم ہو گا


زمیں جب عدل سے بھر جاے گی نور علی نور
بنامِ   مسلک  و   مذہب   تماشا   ختم   ہو  گا


یہ سب کٹھ پتلیاں رقصاں رہیں گی رات کی رات
سحر  سے  پہلے   پہلے   سب   تماشا   ختم  ہو  گا

تماشا کرنے  والوں   کو  خبر  دی  جا  چکی  ہے
کہ پردہ کب گرے  گا  کب  تماشا  ختم  ہو گا

دلِِ  نا مطمئن  ایسا   بھی   کیا    مایوس   رہنا
جو خلق اُٹھی تو سب کرتب تماشا  ختم  ہو گا

افتخار ـ پَل بھر میں ہو رہے گا حِساب نبود و بُود

1/22/2014

پَل بھر میں ہو رہے گا حِساب نبود و بُود
پیچ و خمِ وجود و عدم ، اور کتنی دیر؟ 

دَامن کےسارےچاک، گرِیباں کےسَارےچاک 
ہو بھی گئے بَہم، تو بَہم، اَور کِتنی دیر؟

افتخار - بہاریں جس کی شاخوں سے گوا ہی مانگتی تھیں

3/05/2013


بہاریں جس کی شاخوں سے گوا ہی مانگتی تھیں
وہی مو سم ہمیں اب بے ثمر کیوں لگ رہا ہے

در و دیوار اتنے اجنبی کیوں لگ رہے ہیں
خود اپنے گھر میں آ خر اتنا ڈر کیوں لگ رہا ہے

افتخار عارف - صبح کی بنیاد رکھنی ہے تو پہلے خواب دیکھ

7/19/2012


آسمانوں پر نظر کر انجم و مہتاب دیکھ
صبح کی بنیاد رکھنی ہے تو پہلے خواب دیکھ

ہم بھی سوچیں گے دعائے بے اثر کے باب میں
اک نظر تو بھی تضاد منبر و محراب دیکھ

دوش پر ترکش پڑا رہنے دے، پہلے دل سنبھال
دل سنبھل جائے تو سوئے سینہٴ احباب دیکھ

موجہٴ سرکش کناروں سے چھلک جائے تو پھر
کیسی کیسی بستیاں آتی ہیں زیر آب دیکھ

بوند میں سارا سمندر آنکھ میں کل کائنات
ایک مشتِ خاک میں سورج کی آب و تاب دیکھ

کچھ قلندر مشربوں سے راہ و رسم عشق سیکھ
کچھ ہم آشفتہ مزاجوں کے ادب آداب دیکھ

شب کو خط نور میں لکھّی ہوئی تعبیر پڑھ
صبح تک دیوار آئیندہ میں کھلتے باب دیکھ

افتخار عارف کے تند و تیز لہجے پر نہ جا
افتخار عارف کی آنکھوں میں اُلجھتے خواب دیکھ

افتخار عارف - خوں بہا - اپنے شہسواروں کو

3/17/2011

اپنے شہسواروں کو
قتل کرنے والوں سے
خوں بہا طلب کرنا
وارثوں پہ واجب تھا
قاتلوں پہ واجب تھا
خوں بہا ادا کرنا

واجبات کی تکمیل
منصفوں پہ واجب تھی
منصفوں کی نگرانی
قدسیوں پہ واجب تھی
وقت کی عدالت میں
ایک سمت مسند تھی

ایک سمت خنجر تھا
تاج زرنگار اک سمت
ایک سمت لشکر تھا
اک طرف مقدر تھا

طائفے پکار اٹھے
تاج و تخت زندہ باد"
"ساز و رخت زندہ باد

خلق ہم سے کہتی ہے
سارا ماجرا لکھیں
کس نے کس طرح پایا
اپنا خوں بہا لکھیں
چشم نم سے شرمندہ
ہم قلم سے شرمندہ
سوچتے ہیں کیا لکھیں

افتخار عارف - جاہ و جلال ، دَام و دِرَم ، اَور کتنی دیر؟

2/19/2010


جاہ و جلال ، دَام و دِرَم ، اَور کتنی دیر؟
ریگ رواں پہ نقش قَدَم ، اَور کتنی دیر؟

اَب اور کتنی دیر یہ وَحشت، یہ ڈر، یہ خوف؟
گرد و غبارِ  عہدِ ستم ، اور کتنی دیر؟

حلقہ بگوشوں، عرض گزاروں کے درمیاں 
یہ تمکنت یہ زعمِ کرم، اور کتنی دیر؟ 

پل بھر میں ہو رہے گا حساب نبود و بود
پیچ و خمِ وجود و عدم ، اور کتنی دیر؟

دَامن کےسارےچاک، گریباں کےسارےچاک
ہو بھی گئے بہم، تو بہم، اَور کتنی دیر؟

شام آ گئی ہے، ڈوبتا سورج بتائے گا
تم اور کتنی دیر ہو، ہم اور کتنی دیر؟