اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

معین نظامی ۔ میں انہی کھرچے ہوئے لفظوں کا وارث ہوں

8/29/2013


میرے اجداد کے گرتے ہوئے حجرے کے محراب خمیدہ میں
کسی صندل کے صندوق تبرک میں
ہرن کی کھال پر لکھا ہوا شجرہ بھی رکھا ہے
کہ جس پر لاجوردی دائروں میں
زعفرانی روشنائی سے مرے سارے اقارب کے مقدس نام لکھے ہیں
مگر اک دائرہ ایسا بھی ہے
جس میں سے لگتا ہے
کہ کچھ کھرچا گیا ہے
میں انہی کھرچے ہوئے لفظوں کا وارث ہوں

فیض ۔ ایسے ناداں بھی نہ تھے جاں سے گزرنے والے

8/22/2013

گرمئ شوق نظارہ کا اثر تو دیکھو
گل کھلے جاتے ہیں وہ سایۂ در تو دیکھو

ایسے ناداں بھی نہ تھے جاں سے گزرنے والے 
ناصحو ، پندگرو ، راہگزر تو دیکھو

وہ تو وہ ہے، تمہیں ہوجائے گی الفت مجھ سے 
اک نظر تم مرا محبوب نظر تو دیکھو

وہ جو اب چاک گریباں بھی نہیں کرتے ہیں 
دیکھنے والو کبھی ان کا جگر تو دیکھو

دامن درد کو گلزار بنا رکھا ہے 
آؤ اک دن دل پرخوں کا ہنر تو دیکھو

صبح کی طرح جھمکتا ہے شب غم کا افق 
فیض ، تابندگئ دیدۂ تر تو دیکھو