اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

نیاز بریلوی : یار کو ہم نے جا بجا دیکھا

12/11/2014

یار کو ہم نے جا بجا دیکھا
کہیں ظاہر کہیں چھپا دیکھا

کہیں ممکن ہوا کہیں واجب
کہیں  فانی  کہیں  بقا  دیکھا

دید اپنے کی تھی اسے خواہش
آپ  کو  ہر  طرح  بنا  دیکھا

صورتِ گُل میں کھل کھلا کے ہنسا
شکل   بلبل   میں   چہچہا    دیکھا
 
شمع  ہو  کر  کے   اور  پروانہ
آپ  کو  آپ  میں  جلا  دیکھا

کر کے دعویٰ کہیں انالحق کا
بر   سرِ دار   وہ  کھنچا  دیکھا

تھا وہ برتر شما و ما سے نیاز
پھر وہی اب شما و ما دیکھا

کہیں ہے بادشاہ تخت نشیں
کہیں کاسہ  لئے  گدا  دیکھا

کہیں  عابد  بنا  کہیں  زاہد
کہیں رندوں کا پیشوا دیکھا

کہیں وہ در لباسِ معشوقاں
بر  سرِ ناز  اور  ادا  دیکھا

کہیں عاشق نیاز کی صورت
سینہ بریاں و دل جلا  دیکھا