اردو اور فارسی شاعری سے انتخابات -------- Selections from Urdu and Farsi poetry

شورش - قرن اول کی روایت کا نگہدار حسین

2/24/2013

قرن اول کی روایت کا نگہدار حسین
بسکہ تھا لخت دل حیدر کرار حسین

عرصۂ شام میں سی پارۂ قرآن حکیم
وادیٔ نجد میں اسلام کی للکار حسین

کوئی انساں کسی انساں کا پرستار نہ ہو
اس جہاں تاب حقیقت کا علمدار حسین

ابوسفیان کے پوتے کی جہانبانی میں
عزت خواجۂ گیہاں کا نگہدار حسین

کرۂ ارض پہ اسلام کی رحمت کا ظہور
عشق کی راہ میں تاریخ کا معمار حسین

جان اسلام پہ دینے کی بنا ڈال گیا
حق کی آواز صداقت کا طرفدار حسین

وائے یہ جور جگر گوشۂ زہرا کے لئے
ہائے نیزے کی انی پر ہے جگر دار حسین

ہر زمانے کے مصائب کو ضرورت اس کی
ہر زمانے کے لئے دعوت ایثار حسین

کربلا اب بھی لہو رنگ چلی آتی ہے
دور حاضر کے یزیدوں سے ہے دو چار حسین